بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کا ترسیلات زر میں اضافے پر سمندر پار پاکستانیوں سے اظہار تشکر

مالی سال 2025-26 کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے کردار کو قومی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں، جس پر پوری قوم ان کی مشکور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا یہ عملی اظہار ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

شہباز شریف (Shehbaz Sharif) نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 8.6 فیصد اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سمندر پار پاکستانی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:ایران کا جوابی وار، کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل و ڈرون حملے

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں اپنی محنت، لگن اور وطن سے وابستگی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی تاکہ ان کا وطن کے ساتھ تعلق مزید مضبوط ہو اور وہ مزید اعتماد کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔