اقوام متحدہ (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر زنیویارک میں ستمبر میں 77 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں. اقوام متحدہ نے 194 رکن ممالک کی عبوری فہرست اور ان کے سربراہان مملکت و حکومت کی جانب سے تقاریر کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے. جس میں درج ہے کہ کونسا رکن ملک کب اور کن اوقات میں تقریر کرے گا. اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے باقاعدہ اجلاس سے رکن ممالک 20 ستمبر سے 26 ستمبر تک تقاریر کریں گے.
جنرل اسمبلی اجلاس کے آغاز پر 20 ستمبر کو صبح کے اوقات (9 تا 2:45) میں پہلی تقریر برازیل کے صدر جبکہ دوسری تقریر امریکی صدر جو بائیڈن کریں گے. فہرست کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم، 23 ستمبر بروز جمعہ کو صبح کے اوقات (9 تا 2:45) کے دوران جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے. فہرست میں اس دن تقاریر کرنے والے ممالک میں پاکستان کا نمبر 13 واں ہے. پاکستان سے پہلے نیوزی لینڈ اور بعد میں بنگلہ دیش کی وزرائے اعظم خطاب کریں گی. تقاریر کے سہ پہر کو شروع ہونے والے دوسرے سیشن کے اوقات (3 تا رات 9 بجے) رکھے گئے ہیں.
بھارت کی تقریر کرنے کی باری 24 ستمبر بروز ہفتہ کو پہلے پہر ہے. اس دن تقاریر کرنے والے ممالک میں بھارت کا نمبر 17 واں ہے. بھارت کی جانب سے تقریر کون کرے گا. فہرست میں بھارت کی جانب سے تقریر کرنے والے کے نام کے آگے (ایم) لکھا ہوا ہے. جس کا مطلب ‘منسٹر’ ہے، اگر وزیر اعظم مودی نہ آئے، تو بھارت کے وزیر خارجہ تقریر کریں گے.
جاری کی گئی فہرست میں سب سے آخر میں 26 ستمبر بروز سوموار کو تقریر کرنے والے آخری ملک کا نام میانمار ہے. کل 194 ممالک جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے (20 ستمبر تا 26 ستمبر) تک خطاب کریں گے. جنرل اجلاس میں رکن ممالک کو پہلے سے ریکارڈ شدہ تقاریر نشر کرنے کی اجازت نہیں ہے.









