بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے بھارت میں بھی دھوم مچا دی، ’آرزو‘ نے اسپاٹیفائی پر ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار’’ عاصم اظہر‘‘ (Asim Azhar)نے موسیقی کی دنیا میں ایک اور نمایاں کامیابی اپنے نام کر لی۔ ان کا تازہ ترین گانا ’’آرزو‘‘ بھارت میں اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا بن گیا، جس نے پاکستانی موسیقی کے لیے ایک نیا اعزاز حاصل کر لیا۔

عاصم اظہر نے اس کامیابی کی خوشخبری اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے محبت اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’آرزو‘‘ اسپاٹیفائی کے دور میں بھارت میں ان کا دوسرا سب سے کامیاب گانا ہے، جبکہ’’غلط فہمی‘‘ اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہے۔

گلوکار نے اپنی بین الاقوامی موسیقی کی سرگرمیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ’’آرزو‘‘ ایک ماہ کے اندر2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اسٹریمز، پاکستان میں ٹاپ تھری، بھارت میں ٹاپ 20 اورپانچ لاکھ سے زائد ریلز اور ٹک ٹاک ویڈیوز کا حصہ بن چکا ہے۔

اس کامیابی پر مداحوں نے عاصم اظہر کو بھرپور مبارکباد دی اور ان کی محنت اور لگن کو سراہا۔ کئی مداحوں نے یہ قیاس آرائیاں بھی کیں کہ گلوکار جلد ہی اپنا نیا گانا ریلیز کرنے والے ہیں۔

عاصم اظہر کی مقبولیت صرف پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں رہی بلکہ **بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک** میں بھی ان کے گانوں کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:دہشتگردی میں بھارت ملوث، سب ملکر فتنہ ختم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

واضح رہے کہ عاصم اظہر اس سے قبل ’’جو تو نہ ملا‘‘، ’’غلط فہمی‘‘، ’’عشقیہ‘‘ اور’’میری زندگی ہے تو‘‘ جیسے مقبول گانوں سے شہرت حاصل کر چکے ہیں، جبکہ وہ امریکا اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں کامیاب میوزک ٹورز بھی کر چکے ہیں۔