اسلام آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 سے قبل سیاسی سرگرمیاں(Political Activities) عروج پر پہنچ گئیں۔ کوٹلی کے حلقہ سہنسہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار نے اپنی جماعت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ہزاروں حامیوں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے امیدوارراجہ آصف کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کیا۔
شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو عزت اور احترام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی آزاد کشمیر اور پاکستان کے مضبوط اور لازوال رشتے پر مکمل یقین رکھتی ہے اور نواز شریف و شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پارٹی ٹکٹ ایک امیدوار کو ملتا ہے، اس لیے تمام کارکن ذاتی اختلافات بھلا کر پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
امیر مقام نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی بجلی، آٹا اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مانسہرہ تا مظفرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی سنجیدگی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مخالف بیانیہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا ثبوت دیتے رہے ہیں۔
اس موقع پر راجہ افتخار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ ان کے دل کے قریب جماعت رہی ہے، اسی لیے انہوں نے اپنے ساتھیوں اور ہزاروں حامیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تمام سیاسی تلخیاں بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے قافلے کا حصہ بنے ہیں اور آزاد کشمیر میں پاکستان کے نظریے کو ہر قیمت پر مضبوط رکھا جائے گا۔
ن لیگ کے امیدوار راجہ آصف نے راجہ افتخار کی شمولیت کو پارٹی کے لیے اہم سیاسی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام رہنما اور کارکن متحد ہو کر انتخابی مہم چلائیں گے اور حلقے میں ترقی، عوامی خدمت اور سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:گرومنگ گینگ سرغنہ کی واپسی، پاکستان نے برطانیہ کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا
تقریب کے دوران ذوالقرنین خان، راجہ شکیل ضیاء، راجہ سہیل نواز اور راجہ طارق سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی، جبکہ پارٹی رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ دنوں میں مزید اہم سیاسی شخصیات بھی مسلم لیگ (ن) کا حصہ بنیں گی۔








