بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

زرمبادلہ ذخائر 24 ارب ڈالر، اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بڑا اضافہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ(Foreign Remittances) کے ذخائر سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر کی سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں تقریباً دو ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 3 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے اختتام پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب 98 کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہے۔

ان میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 51 کروڑ 77 لاکھ ڈالر کے خالص زرمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں۔

مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سرکاری ذخائر 18.47 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ نمایاں اضافہ حکومتِ پاکستان کو موصول ہونے والی بیرونی رقوم کے باعث ہوا، جس سے ملکی مالیاتی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:ایرانی وزیرخارجہ، فیلڈ مارشل  رابطہ، امریکی حملے اسلام آباد ایم او یو کیخلاف ورزی قرار

اقتصادی ماہرین کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے نہ صرف بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے بلکہ ملکی کرنسی پر دباؤ میں کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مجموعی معاشی استحکام کو بھی تقویت ملتی ہے۔حالیہ اعداد و شمار کو پاکستان کی معاشی صورتحال کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔