بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیک باؤنس کیس: راجپال یادو کی سزا کے بعد پہلی عوامی سرگرمی، اکشے کمار کے ساتھ اشتہار شیئر کر دیا

بالی ووڈ کے معروف مزاحیہ اداکار راجپال یادو (Rajpal Yadav) نے چیک باؤنس کیس میں سزا برقرار رہنے کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر سرگرمی دکھاتے ہوئے اداکار اکشے کمار (Akshay Kumar) کے ساتھ ایک اشتہاری ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔

55 سالہ راجپال یادو، جو اپنی بہترین مزاحیہ اداکاری کے باعث بالی ووڈ میں منفرد مقام رکھتے ہیں، نے 10 جولائی کو انسٹاگرام پر کیچ مصالحہ (Catch Masala) کا ایک تشہیری اشتہار پوسٹ کیا، جس میں ان کے ساتھ اکشے کمار بھی نظر آئے۔

اشتہار کے ساتھ راجپال یادو نے لکھا کہ بہترین ترکیب وہی ہوتی ہے جو ہر بار لذیذ ذائقہ فراہم کرے۔ انہوں نے کمپنی کے نئے فلپ ٹاپ پیک (Flip-Top Pack) اور پریس لاک پاؤچ (Press Lock Pouch) کی تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مصالحوں کو تازہ، خوشبودار اور ذائقہ برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

تشہیری ویڈیو میں راجپال یادو اور اکشے کمار کے درمیان ہلکے پھلکے مزاحیہ انداز میں گفتگو دکھائی گئی، جسے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

مزیدپڑھیں:آر مادھون نے بالی ووڈ میں کامیابی کا دلچسپ راز بتا دیا

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں دہلی ہائی کورٹ (Delhi High Court) نے چیک باؤنس کیس میں راجپال یادو کی سزا برقرار رکھتے ہوئے انہیں تین ماہ قید کی سزا سنائی اور 7 کروڑ 35 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی برقرار رکھا۔

عدالتی کارروائی کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ راجپال یادو کو تصفیے کی شرائط پوری کرنے کے لیے متعدد مواقع دیے گئے، تاہم انہوں نے اپنی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں اور وعدوں کے باوجود واجبات ادا نہیں کیے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اداکار اور ان کے وکیل نے کئی بار ادائیگی کی یقین دہانیاں کرائیں، لیکن انہیں پورا نہیں کیا گیا، جس کے باعث سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ راجپال یادو اس وقت عدالتی فیصلے کے خلاف قانونی جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ان کی جانب سے اس تازہ عدالتی فیصلے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔