بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میں پہلی و آخری اداکارہ نہیں جس نے اسکرین پر کسی کو گلے لگایا: سحر ہاشمی

پاکستان کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سحر ہاشمی(Sehar Hashmi) نے بھارتی اداکار عمران ہاشمی سے کیے جانے والے موازنے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تنقید نے مجھے بطور اداکار بہتر بننے میں مدد دی تاہم بعض تبصرے، خصوصاً عمران ہاشمی سے موازنے پر مجھے افسوس ہوا اور بے حد غیر منطقی محسوس ہوا۔

اداکارہ نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ سیریل ظلم سے کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شوبز انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی، تاہم اسکرین پر نسبتاً بولڈ مناظر کے باعث وہ تنقید کی زد میں بھی رہیں۔

سحر ہاشمی کا کہنا ہے کہ میں نے صرف وہی مناظر فلمائے جو اسکرپٹ کا حصہ تھے اور جنہیں ہدایت کار اپنے تخلیقی وژن کے مطابق پیش کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر فنکار اپنے کردار اور اسکرپٹ کی ضرورت کے مطابق کام کرتا ہے اور مجھے یہ بات مضحکہ خیز لگتی ہے، سچ کہوں تو نہ میں پہلی اداکارہ ہوں اور نہ ہی آخری، جس نے اسکرین پر کسی کو گلے لگایا ہو۔

مزیدپڑھیں:مالی سال 2025-26: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

اداکارہ نے بتایا کہ میرے ہدایت کار نے پورے اعتماد کے ساتھ کہا تھا کہ اگر میں خود کو ان مناظر کے لیے مطمئن محسوس کرتی ہوں تو انہیں ضرور کروں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ زیادہ تر تنقید کا نشانہ صرف وہی کیوں بنیں جبکہ مرد اداکاروں کو نسبتاً کم تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ شاید عمران ہاشمی والے تعلق کی وجہ سے، تاہم انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع نے مجھے آئندہ ایسے مناظر کے حوالے سے دوبارہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سچ کہوں تو اب میں اس معاملے میں زیادہ محتاط رہوں گی، کیونکہ اگر ہم ناظرین کے لیے ڈرامے بنا رہے ہیں اور انہیں یہ پسند نہیں، تو پھر ہم ایسا نہیں کریں گے، لیکن براہِ کرم مجھے بندوق کی نوک پر نہ رکھیں۔

سحر ہاشمی نے آن لائن نفرت انگیز تبصروں کے اثرات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ کے ساتھ اچھی چیزیں ہوتی ہیں تو لوگ ان میں بھی خامیاں نکال لیتے ہیں، کیونکہ ہر شخص نہیں چاہتا کہ آپ ترقی کریں اور یہ بات واقعی مجھے تکلیف دیتی ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں راتوں کو روتے ہوئے سو جاتی تھی، تاہم مشکل وقت میں ساتھی فنکاروں اور دوستوں نے میرا بھرپور ساتھ دیا۔