بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے سعودی عرب اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی

پاکستان اسٹیل(Pakistan Steel Mills) کی بحالی کیلئے سعودی عرب اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صنعتی ادارے “پاکستان اسٹیل ملز” کی بحالی اور اسے دوبارہ فعال کرنے کے لیے عالمی سطح پر ایک بڑی اور مثبت پیشرفت سامنے آئی۔

پاکستان اسٹیل میں سرمایہ کاری اور اس کے پلانٹ کو جدید بنانے کے لیے اب سعودی عرب اور ترکیہ کے سرمایہ کاروں نے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب نے پاکستان اسٹیل ملز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومتِ پاکستان سے باضابطہ طور پر تفصیلات مانگ لی ہیں۔

اس شراکت داری کے تحت پاکستان اسٹیل کی پیداواری صلاحیت کو دگنا کرنے کے لیے جامع تجاویز تیار کی جائیں گی، جبکہ ملز کی پرانی مشینری اور پلانٹ کو جدید ترین ورلڈ کلاس ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

مزیدپڑھیں:بڑے یورپی ملک کا کراچی میں قونصل خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان

صرف سعودی عرب اور ترکیہ ہی نہیں، بلکہ چین اور روس کے سرمایہ کار بھی اس سے قبل پاکستان اسٹیل میں گہری دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی اور روسی کمپنیوں کے ایک مشترکہ کنسورشیم نے حال ہی میں پاکستان اسٹیل ملز کا تفصیلی دورہ کیا ہے، یہ کنسورشیم پاکستان اسٹیل ملز کو مکمل طور پر بحال کر کے اس کی سالانہ پیداواری صلاحیت کو 30 لاکھ ٹن تک پہنچانے کا ارادہ رکھتا ہے۔