بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’ایران مفاہمتی یادداشت توڑے یا نہ توڑے، مجھے کوئی پروا نہیں‘، ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ(Donald Trump) نے ایران کی جانب سے امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل نہ کرنے کے اعلان کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس فیصلے کی کوئی پروا نہیں۔

امریکی ٹی وی نیٹ ورک نیوز نیشن کو مختصر ٹیلیفونک انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے ایران کے حالیہ اعلان کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیا، مجھے اس کی بالکل بھی پروا نہیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکا کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی پالیسی کا محور ایران کے جوہری پروگرام کو محدود رکھنا ہے اور واشنگٹن اس معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ جون کے وسط میں ایک مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا خاتمہ تھا۔

مزیدپڑھیں:لاہور :معروف کاروباری شخصیت کو ایئر پورٹ سے حراست میں لے لیا گیا

تاہم حالیہ ہفتوں میں آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری نقل و حمل اور سلامتی سے متعلق اختلافات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں مفاہمتی یادداشت کی افادیت بھی متاثر ہوئی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی فاصلے دوبارہ بڑھ رہے ہیں، جبکہ خطے میں جاری فوجی کشیدگی کسی نئے بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی مفاہمتی یادداشت پر عمل نہ کرنے کا اعلان سامنے آ چکا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے مذاکرات پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔