اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے روزانہ کی بنیاد پر نیا پرائسنگ میکانزم منظور کر لیا، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نئے نظام کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا تعین گزشتہ سات کاروباری دنوں کے دوران عالمی منڈی میں رہنے والی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ قیمتوں میں رد و بدل بھی عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔
نئے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی۔ اوگرا مجاز اتھارٹی کے طور پر روزانہ قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
اوگرا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو وہی قیمتیں برقرار رہیں گی جو جمعہ کے روز جاری کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ یکم جولائی 2026 سے اوگرا اپنی ویب سائٹ پر روزانہ پلیٹس (Platts) ریفرنس قیمتیں بھی جاری کرے گا تاکہ قیمتوں کے تعین کا عمل مزید شفاف بنایا جا سکے۔
نئے نظام کے مطابق پیٹرولیم لیوی وفاقی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ لیوی کی شرح میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف فنانس ڈویژن کی منظوری سے ممکن ہوگی۔
وفاقی کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے لیے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے مارکیٹ شیئر کے تناسب سے پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ درآمد یا مصنوعات کی لفٹنگ میں ڈیفالٹ کرنے والی کمپنیوں کو نو ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نئے پرائسنگ میکانزم کے تحت مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ نئے پرائسنگ میکانزم پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔









