معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ سے صلح کی گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں کے درمیان معاملات تاحال بہتر نہیں ہوئے اور طلاق کی قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
چند روز قبل ایمان فاطمہ کے بھائی عون شیخ نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں خاندانوں کے درمیان صلح ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ والدہ کے مشورے پر ایمان فاطمہ اور ان کے بچے کے بہتر مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔
تاہم رجب بٹ نے حالیہ بیان میں ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور ایمان فاطمہ کے درمیان جو کچھ ہو چکا ہے، اس کے بعد معاملات دوبارہ معمول پر آنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن طلاق کا عمل اپنی قانونی مدت کے مطابق مکمل ہوگا۔
رجب بٹ نے مزید کہا کہ وہ اپنے بیٹے کی تمام مالی ذمہ داریاں ہمیشہ پوری کریں گے، کیونکہ یہ ان کا فرض ہے اور وہ اس ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے عون شیخ اور ایمان فاطمہ سے اپیل کی کہ صلح سے متعلق ایسے بیانات دینے سے گریز کیا جائے جو حقیقت پر مبنی نہ ہوں، کیونکہ اس سے عوام میں غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔
دوسری جانب رجب بٹ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر صلح نہیں ہوئی تو رجب بٹ کی جانب سے ایمان فاطمہ کو پھول بھیجنے کی اطلاعات کیوں سامنے آئیں، جبکہ دیگر صارفین کا کہنا ہے کہ دونوں کے حالیہ بیانات سے مفاہمت کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔
تاحال ایمان فاطمہ یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے رجب بٹ کے تازہ بیان پر کوئی نیا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔









