بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گیا

راولپنڈی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں، خصوصاً متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ روزمرہ کھانوں کا لازمی جزو سمجھے جانے والے ٹماٹر کی قیمت بعض علاقوں میں 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ طلب اور رسد میں پیدا ہونے والا نمایاں فرق ہے۔ مقامی سبزی منڈیوں میں ٹماٹر کی محدود سپلائی کے باعث تھوک نرخ بڑھ گئے، جس کے اثرات براہِ راست پرچون مارکیٹ میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں سبزیوں کی مجموعی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق صرف پندرہ روز قبل ٹماٹر تقریباً 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، تاہم مختصر عرصے میں اس کی قیمت میں تقریباً 300 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا، جس کے بعد شہر کے مختلف بازاروں میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

قیمتوں میں اچانک اضافے کے باعث گھریلو خواتین نے ٹماٹر کے متبادل کے طور پر دہی، املی، لیموں کا رس اور سرکے کا استعمال شروع کر دیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کا مکمل متبادل موجود نہیں، اس لیے اس کی مہنگائی نے باورچی خانے کا بجٹ شدید متاثر کیا ہے۔

دوسری جانب ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، ڈھابوں اور فوڈ پوائنٹس کے مالکان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر مہنگا ہونے سے کھانے تیار کرنے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث مختلف کھانوں کی قیمتوں میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد کرا کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔