بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں واقع اپنا اپارٹمنٹ 3 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے میں فروخت کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے یہ اپارٹمنٹ 2015ء میں 2 کروڑ 88 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا، جسے 9 جولائی کو فروخت کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپارٹمنٹ باندرہ ویسٹ میں واقع شیو آستھان ہائٹس میں تھا، جبکہ جائیداد کی رجسٹری دستاویزات کے مطابق اسے متعدد خریداروں نے خریدا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خریداروں نے 21 لاکھ بھارتی روپے اسٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار بھارتی روپے رجسٹریشن فیس بھی ادا کی۔
60 سالہ سلمان خان اس وقت اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ باندرہ میں واقع مشہور گیلیکسی اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے گزشتہ برسوں کے دوران متعدد رہائشی اور تجارتی جائیدادوں میں سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ حال ہی میں انہیں اسی علاقے میں نئی 6 منزلہ رہائش گاہ تعمیر کرنے کی بھی منظوری مل چکی ہے۔
مزید پڑھیں:4 اکتوبر احتجاج کیس: علیمہ اور عظمیٰ خان عدالت سے اشتہاری قرار
باندرہ ویسٹ ممبئی کا وہ علاقہ ہے جہاں شاہ رخ خان، ریکھا اور سنجے دت سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات بھی رہائش پذیر ہیں۔









