اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تمام سول پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے پنشن حاصل کرنے والے سویلین افراد، ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے پنشنرز کی بنیادی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق پنشن میں یہ اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق ان تمام پنشنرز پر ہوگا جن کی بیس لائن پنشن وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ یکم جنوری 2025، 7 جولائی 2025 اور 5 اگست 2025 کی متعلقہ ہدایات کے تحت مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین بھی اس اضافے کے حق دار ہوں گے۔ اس کے علاوہ یکم جولائی 2022 کو دیا گیا 15 فیصد پنشن اضافہ اور 7 جولائی 2025 کو منظور کیا گیا 7 فیصد اضافہ بھی ایسے ملازمین کے لیے برقرار رہے گا۔
مزید پڑھیں:سرکاری ملازمین کی تاحیات پنشن کے حوالے سے بڑا فیصلہ
جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنشن میں اضافے کا اطلاق فیملی پنشن، پنشن کم گریجویٹی اسکیم 1954، لبرلائزڈ پنشن رولز 1977، سنٹرل سول سروسز (ایکسٹرا آرڈینری پنشن) رولز کے تحت منظور شدہ پنشن اور کمپیشنٹ الاؤنس پر بھی ہوگا۔
وزارت خزانہ نے مزید وضاحت کی ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسری حکومت کے درمیان مشترکہ بنیادوں پر کی جا رہی ہو تو اضافے کی رقم بھی طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔
تاہم نوٹیفکیشن کے مطابق یہ 7 فیصد اضافہ پری ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاؤنس کے بدلے دی جانے والی اسپیشل ایڈیشنل پنشن اور ڈرائیور یا آرڈرلی کی مونیٹائزڈ ویلیو پر لاگو نہیں ہوگا۔









