مصر(Egypt) کے ساحلی شہر شرم الشیخ کے شمال مشرق میں 5.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ملی، مصر کے قومی ادارہ برائے فلکیات و ارضی طبیعات نے بتایا کہ زلزلے کا مرکزسطح زمین سے 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
ادارے نے بتایا کہ مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، زلزلے کے بعد مصر کے وزیرِ صحت و آبادی خالد عبد الغفار نے فوری طور پر قومی صحت ایمرجنسی پلان فعال کرنے اور وزارت کے مرکزی بحران و ہنگامی آپریشنز روم کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان کےتمام سرکاری سکولوں میں ہفتہ کی چھٹی ختم
وزارتِ صحت نے ملک بھر کے ہسپتالوں کے ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے شعبوں میں الرٹ کی سطح بلند ترین درجے پر کر دی جبکہ ایمبولینس سروسز اور فوری امدادی ٹیموں کو بھی مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق مجموعی صحت کی صورتحال معمول پر ہے اور زلزلے کے نتیجے میں کسی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، دوسری جانب مصری ہلالِ احمر نے بھی ان شہروں میں ہنگامی منصوبے فعال کر دیے جہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، تاہم تنظیم نے بھی کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہ ملنے کی تصدیق کی۔









