بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک بھر میں آٹامہنگا، 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوگیا

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں ایک ہفتے کے دوران متعدد شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق بعض شہروں میں آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔

کراچی اور لاڑکانہ میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے بڑھنے کے بعد بالترتیب 3 ہزار اور 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں آٹا بدستور ملک کا مہنگا ترین ہے، جہاں 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد پشاور میں 3 ہزار 100 روپے اور راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے فی تھیلا قیمت سامنے آئی۔

بہاولپور میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2 ہزار 960 روپے جبکہ بنوں میں 2 ہزار 950 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں یہ قیمت 2 ہزار 800 روپے، سرگودھا میں 2 ہزار 793 روپے اور کوئٹہ میں 2 ہزار 750 روپے ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سکھر میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 60 روپے جبکہ بنوں میں 50 روپے اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں:اوگرا کی سفارش پر پیٹرول 2، ڈیزل 5 روپے فی لیٹر مہنگا

دوسری جانب لاہور اور فیصل آباد میں آٹے کی قیمت دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں کم رہی، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا بالترتیب 2 ہزار 300 اور 2 ہزار 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مختلف شہروں میں قیمتوں کے فرق کی وجہ مقامی طلب، رسد اور ترسیلی اخراجات ہیں۔