بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات، ٹال ٹیکس نہ بڑھانے پر اصولی اتفاق

اسلام آباد: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ٹال ٹیکس ایک سال تک نہ بڑھانے پر اصولی اتفاق ہوگیا۔

ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق مذاکرات میں ٹال ٹیکس کے حالیہ اضافے میں بھی کچھ کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان دیگر مطالبات پر بھی بات چیت جاری ہے۔

ٹرانسپورٹرز ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہفتے یا 15 روز تک نہ بڑھانے پر بھی اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے تحفظات اور مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ حکومت کی جانب سے بعض مطالبات پر پیش رفت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

دوسری جانب اس سے قبل صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کو ناکام قرار دیا تھا۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ مذاکرات میں تعطل ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹرز نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، تاہم مطالبات پر واضح پیش رفت ضروری ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ ٹال ٹیکس میں اضافے اور دیگر اخراجات کے باعث مال بردار ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید دباؤ کا شکار ہے، اس لیے حکومت کو ٹرانسپورٹرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات میں ٹال ٹیکس کے اضافے میں کمی اور آئندہ ایک سال تک ٹال ٹیکس نہ بڑھانے پر اصولی اتفاق کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔