بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہبازشریف سے بیلاروس کے وزیر توانائی کی ملاقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے نومبر 2024 میں بیلاروس کے صدر کے دورہ اسلام آباد اور اپریل 2025 میں اپنے دورہ بیلاروس کو بھی خوشگوار انداز میں یاد کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے نویں اجلاس میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے دونوں ممالک کے لیے عملی فوائد کا باعث بنیں گے اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔

بیلاروس کے وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور بیلاروسی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں ہونے والی اہم پیش رفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قیادت کے درمیان طے پانے والے فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے گا اور باہمی رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے نویں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر توانائی نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر دوطرفہ تعاون کے پروٹوکول اور میڈیا کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق تجارتی مسائل کے حل کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خدمات کے شعبے میں تجارتی معاہدے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ پاکستان نے منظم طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت بیلاروس بھیجنے کی پیشکش کی۔

اجلاس میں خوراک، پھلوں اور ڈیری مصنوعات کی تجارت بڑھانے کے لیے آن لائن بی ٹو بی سیشنز منعقد کرنے، جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی وژن اور بیلاروس کے سرکاری میڈیا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ا