بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مکان کی دیواروں سے اربوں روپے مالیت کا سونا برآمد

لندن: بیلجیم کے علاقے مشرقی فلینڈرز میں مکان کی مرمت کے دوران مزدوروں کو دیواروں کے اندر سے اربوں روپے مالیت کا سونا مل گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مکان میں نئے سیوریج پائپ بچھانے کے لیے ڈرلنگ کا کام جاری تھا کہ اچانک دیواروں کے اندر سے سونے کی اینٹیں اور سکے برآمد ہوئے۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے سونے کے سکوں اور اینٹوں کی مجموعی مالیت تقریباً 90 لاکھ یورو ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 2 ارب 89 کروڑ روپے بنتی ہے۔

پولیس کے مطابق موقع پر موجود 18 سالہ طالب علم اور مزدور نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں دیوار سے ملنے والے سکے عام سکے لگے، تاہم سونے کی اینٹ سامنے آنے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ ایک قیمتی خزانہ ہے۔

خزانہ ملنے کے بعد مزدوروں نے اسے چھپانے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور سونے کی تمام اینٹیں اور سکے اپنی تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیے۔

سائٹ مینیجر ماریو اور مزدور کوبے کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی مالیت کا سونا اپنے پاس رکھنا نہ صرف ناممکن تھا بلکہ قانون کے تحت اسے چھپانا چوری کے زمرے میں بھی آسکتا تھا۔

حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ مزید خزانے کی تلاش کے لیے مذکورہ مقام کا رخ نہ کریں۔

واضح رہے کہ مذکورہ مکان اس وقت مشرقی فلینڈرز کے ایک فلاحی ادارے کی ملکیت ہے، جو ضرورت مند افراد کی مدد کرتا ہے۔ ادارے کے ڈائریکٹر گیرٹ ہلائرٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر قانونی طور پر خزانہ فلاحی ادارے کو مل گیا تو اسے ضرورت مند افراد کی مدد اور دیگر فلاحی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

بیلجیم کے قانون کے مطابق خزانے کے اصل مالک کو اس پر دعویٰ کرنے کے لیے 5 سال کا وقت حاصل ہے۔ اگر مقررہ مدت کے دوران کوئی دعویدار سامنے نہیں آتا اور تحقیقات سے یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ برآمد ہونے والا سونا کسی مجرمانہ سرگرمی سے منسلک نہیں تھا تو قانون کے تحت خزانہ اسے تلاش کرنے والے مزدوروں اور جائیداد کے مالک فلاحی ادارے کے درمیان تقسیم کیا جاسکتا ہے۔