بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں بہت پیار ملا،بھارتی اداکار سنی دیول

نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے کرتارپور راہداری کے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستان میں بہت پیار ملا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول نے اپنی نئی فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں پاکستان کے دورے سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ باضابطہ طور پر پاکستان نہیں گئے، تاہم کرتارپور راہداری کھلنے کے موقع پر انہیں وہاں جانے والے وفد میں شامل کیا گیا تھا۔

سنی دیول نے بتایا کہ کرتارپور ان کے انتخابی حلقے کا حصہ تھا، اسی وجہ سے انہیں وفد میں شامل کیا گیا اور انہوں نے راہداری کے افتتاح کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرتارپور میں پاکستانیوں اور فوجیوں کی جانب سے انہیں بھرپور محبت ملی۔ وہاں موجود بعض افراد نے ان سے کہا کہ وہ پاکستان مخالف فلمیں نہ بنائیں کیونکہ وہ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔

بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ فلموں میں صرف ایک کردار ادا کرتے ہیں اور ہر شخص کو اپنے ملک سے محبت ہوتی ہے، تاہم معصوم شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

سنی دیول نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی تعلقات کی اہمیت پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر لوگوں کے درمیان دشمنی نہیں ہونی چاہیے۔

سنی دیول کی جانب سے کرتارپور کے دورے اور پاکستان میں ملنے والی محبت کا یہ تذکرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ اپنی نئی فلم کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔