بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کر دیا

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ غیر فعال، منسوخ یا زیر استعمال نہ رہنے والی سموں پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کسی بھی وقت بلاک کیے جا سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ غیر فعال موبائل نمبرز پر قائم واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فراڈ، دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ ہوتا ہے، جس کے پیش نظر ایسے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایسے موبائل نمبر سے منسلک ہو جو فعال اور ان کے زیراستعمال ہو۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ منسوخ یا غیر فعال موبائل نمبرز بعد میں کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جا سکتے ہیں، جس سے سابق صارف کی ذاتی معلومات اور واٹس ایپ اکاؤنٹ کے غلط استعمال کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پی ٹی اے نے ایسے صارفین کو مشورہ دیا ہے جن کے موبائل نمبرز بند یا غیر فعال ہوچکے ہیں کہ وہ واٹس ایپ کے “چینج نمبر” فیچر کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ فوری طور پر نئے اور فعال نمبر پر منتقل کریں۔

مزید پڑھیں:ٹیکسلا،عائشہ گلمنہ قتل کے 1ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ، دیگر کی تلاش جاری

اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سیکیورٹی بہتر بنانا، صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اور سائبر فراڈ کی روک تھام ہے۔ صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سم کا اسٹیٹس چیک کریں اور ضرورت پڑنے پر واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فعال نمبر پر منتقل کرلیں۔