پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبے میں ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ٹیلی کام کمپنی زونگ نے جے ایس بینک کے مالیاتی پلیٹ فارم ’زندگی‘ کے اشتراک سے زی والٹ (Z-Wallet) متعارف کرا دیا ہے۔
’زی والٹ‘ بنیادی طور پر ایک ایسا ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے صارفین کو بینکاری اور ادائیگیوں کی مختلف سہولیات مائی زونگ ایپ کے اندر ہی دستیاب ہوں گی۔ اس کے لیے صارف کو الگ بینکاری ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے کسی دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
‘زی والٹ’ میں کیا سہولیات دستیاب ہوں گی؟
زی والٹ کے ذریعے صارفین راست کے ذریعے پاکستان کے کسی بھی بینک میں رقم منتقل کر سکیں گے، جبکہ انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ صارفین بجلی، گیس، پانی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ بلز بھی ادا کر سکیں گے، جبکہ موبائل ٹاپ اَپ کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
صارفین ایک ہی لاگ اِن اور پن کے ذریعے مختلف مالیاتی سروسز استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق مستقبل میں زی والٹ میں چھوٹے قرضے، زی ڈیبٹ کارڈ اور خصوصی زونگ بنڈلز جیسی مزید سہولیات بھی شامل کی جائیں گی۔
زی والٹ کی خاص بات کیا ہے؟
زی والٹ کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اسے ایک الگ بینکاری ایپ کے بجائے مائی زونگ ایپ کے اندر شامل کیا گیا ہے۔
مائی زونگ ایپ کے ماہانہ 2 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ فعال صارفین ہیں، جبکہ ہر ماہ 5 لاکھ سے زیادہ نئے ڈاؤن لوڈز بھی رپورٹ کیے گئے ہیں۔ اس طرح زونگ پہلے سے موجود اپنے بڑے ڈیجیٹل صارف نیٹ ورک کو مالیاتی خدمات کے لیے استعمال کرےگا۔
مزیدپڑھیں:نجی اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں کیلئے ماہانہ اجرت مقرر
‘زندگی’ کا کیا کردار ہے؟
زی والٹ کے پیچھے جے ایس بینک کا مالیاتی پلیٹ فارم زندگی موجود ہے، جو ریگولیٹڈ بینکاری انفراسٹرکچر اور بینکنگ اینڈ سروس (BaaS) صلاحیت فراہم کررہا ہے۔
یعنی زونگ اپنے ٹیکنالوجی پلیٹ فارم اور صارفین تک رسائی فراہم کر رہا ہے جبکہ زندگی کے ذریعے زی والٹ کو مالیاتی اور بینکاری انفراسٹرکچر حاصل ہوگا۔ یہ سروس اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کام کرےگی۔
کیا زی والٹ پہلے ہی استعمال ہو رہا ہے؟
کمپنی کے مطابق زی والٹ کے سافٹ لانچ کے دوران ابتدائی طور پر قریباً 22 ہزار تصدیق شدہ والٹس فعال کیے گئے، جبکہ 12 ہزار سے زیادہ ٹرانزیکشنز بھی مکمل ہوئیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صارفین میں ٹیلی کام ایپ کے اندر ہی آسان اور مربوط مالیاتی سہولیات حاصل کرنے کی طلب موجود ہے۔
پاکستان میں ’ایمبیڈڈ فنانس‘ کا نیا رجحان
زی والٹ کا آغاز پاکستان میں Embedded Finance کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ اس ماڈل میں صارفین کو بینکاری خدمات حاصل کرنے کے لیے لازمی طور پر کسی روایتی بینکاری پلیٹ فارم پر جانے کے بجائے وہی مالیاتی سہولیات ان ایپس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فراہم کی جاتی ہیں جنہیں وہ پہلے ہی استعمال کررہے ہوتے ہیں۔
زونگ اور زندگی کا یہ اشتراک اسی تصور کے تحت صارف کے روزمرہ ڈیجیٹل تجربے میں مالیاتی خدمات کو شامل کرتا ہے۔
زونگ کے لیے زی والٹ کیوں اہم ہے؟
زی والٹ صرف ایک نئی ادائیگی کی سہولت نہیں بلکہ زونگ کی اپنے کاروبار کو روایتی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز سے آگے بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ بھی ہے۔
کمپنی اب کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ مالیاتی خدمات، ڈیجیٹل پراڈکٹس، مصنوعی ذہانت اور دیگر ٹیکنالوجی سروسز کو اپنے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں شامل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
یوں زی والٹ پاکستان میں ٹیلی کام اور بینکاری کے امتزاج سے بننے والے ایک ایسے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی جانب قدم ہے جس میں صارف کو موبائل، ادائیگی اور بنیادی مالیاتی خدمات ایک ہی ایپ کے اندر فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔









