بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر پولنگ جاری، 7 نشستوں کے لیے 10 امیدوار مدمقابل

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو صبح 10 بجے شروع ہوا اور دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔ مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر کی نئی اسمبلی کی تشکیل کا مرحلہ مزید آگے بڑھے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے انتخاب کے شیڈول کے تحت خواتین، ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز اور علما و مشائخ کی نشستوں پر آج پولنگ ہو رہی ہے۔

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں پر 6 امیدوار مدمقابل

خواتین کے لیے مخصوص 5 نشستوں پر ابتدا میں 7 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم پیپلز پارٹی کی شاہین کوثر ڈار کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رفعت عابد، سحرش قمر، مریم ادریس اور مریم زمان، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجا امیدوار ہیں۔

علما و مشائخ کی نشست پر مقابلہ

علما و مشائخ کی ایک مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) کے پیر مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کے حافظ طارق محمود کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی نشست پر بھی مقابلہ

ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کے سید افتخار گیلانی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ ذوالفقار علی مدمقابل ہیں۔

اوورسیز نشست پر مسلم لیگ (ن) کا امیدوار بلامقابلہ منتخب

ریاستی باشندگانِ مقیمِ بیرونِ ملک کے لیے مخصوص ایک نشست پر صرف ایک امیدوار کے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوئے تھے، جس کے باعث مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

مزیدپڑھیں:مناسب فصل کے باوجود پاکستان میں گندم بحران کیوں؟

پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین، ٹیکنوکریٹس و پروفیشنلز اور علما و مشائخ کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا ہے اور دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔

پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسمبلی ہال، مظفرآباد میں ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر پولنگ کے بعد دوپہر 2 بجے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے اور حکومت سازی کا مرحلہ مزید آگے بڑھے گا۔