آزاد کشمیر (AzadKashmir)میں حکومت سازی کے اہم مرحلے کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مکمل ہوگئے۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید نے 14 ووٹ حاصل کیے۔
احمد رضا قادری بھی 32 ووٹ لے کر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔ چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 16ویں اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری 15ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کو اکثریت حاصل ہے اور پارٹی کے ارکان کی تعداد 31 ہے، جبکہ جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے رکن سردار ساجد اقبال بھی ن لیگ کے اتحادی ہیں، جس کے باعث حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 32 تک پہنچ جاتی ہے۔ اسپیکر کے انتخاب میں چوہدری طارق فاروق کو ملنے والے 32 ووٹ حکومتی اتحاد کی عددی برتری کی عکاسی کرتے ہیں۔
چوہدری طارق فاروق حالیہ عام انتخابات میں بھمبر سے کامیاب ہوئے اور انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو شکست دی۔ ایل اے 7 بھمبر 3 ان کا آبائی حلقہ ہے۔ وہ اس سے قبل بھی اہم حکومتی اور پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں، جن میں 2016 سے 2021 تک آزاد کشمیر کے سینئر ترین وزیر، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کے عہدے شامل ہیں۔ وہ متعدد مرتبہ وزیر حکومت بھی رہ چکے ہیں۔









