بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پمز اسپتال کے مالیاتی بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد،پمز اسپتال کی نرسری میں 15 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد اسپتال کے مالیاتی بجٹ کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ 3 سال کے دوران پمز اسپتال کے لیے مجموعی طور پر 22 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران وفاقی حکومت نے پمز اسپتال کے لیے 6 ارب 84 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا، تاہم اسپتال انتظامیہ نے مختص رقم سے زیادہ اخراجات کیے۔

دستاویزات کے مطابق پمز انتظامیہ نے گزشتہ سال مختص 6 ارب 84 کروڑ روپے کے بجٹ کے مقابلے میں 7 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے، یوں مختص بجٹ سے 67 کروڑ روپے زیادہ خرچ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پمز اسپتال انتظامیہ نے گزشتہ سال 66 کروڑ روپے کا اضافی بجٹ بھی حاصل کیا تھا۔

رواں مالی سال کے لیے پمز اسپتال کو 7 ارب 63 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

پمز اسپتال کے مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کی مد میں بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال رپیئر اینڈ مینٹیننس کے لیے پمز کو 50 کروڑ روپے فراہم کیے تھے، جبکہ رواں سال اس مد میں 23 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پمز اسپتال کی نرسری میں 15 نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد اسپتال کی انتظامی اور مالی صورتحال پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ میں آگ لگنے کی وجہ بھی سامنے آچکی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔