بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پمز سانحہ، کوئی ذمہ دار بچ نہیں پائے گا: مصطفیٰ کمال

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز اسپتال سانحے میں جو بھی کوتاہی یا غفلت کا مرتکب پایا گیا، اسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، سانحے کا کوئی ذمہ دار بچ نہیں پائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کی نرسری میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن والدین کے لختِ جگر اس سانحے میں جاں بحق ہوئے، ان سے دلی تعزیت کرتا ہوں اور شہید بچوں کے لیے دعاگو ہوں۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وہ سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے وزیراعظم کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پمز سانحے میں غفلت یا کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ 12 ربیع الاول کی وجہ سے وہ کراچی میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وہ مسلسل معلومات حاصل کرتے رہے، تاہم ہر وقت وزیر کے پاس تمام معلومات موجود نہیں ہوتیں۔

وزیر صحت کے مطابق پمز سانحے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں صبح 6 بج کر 38 منٹ پر سپارک نظر آیا، جبکہ صبح 7 بجے تک کمروں میں دھواں بھر چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اے سی کے اندر سپارک ہوا، جس کے بعد نرسز نے مدد کے لیے آوازیں دیں۔ تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کسی ترقی پذیر ملک میں ایسا واقعہ پیش آتا تو وزیر مستعفی ہوجاتا، کیا وہ استعفیٰ دیں گے؟

اس پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ تمام باتیں یہاں نہیں کریں گے اور وزیراعظم کے سامنے خود کو احتساب کے لیے پیش کرچکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ پمز سانحے کی تحقیقات میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین ہونے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔