بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت اور جی 20 کا حصہ بنانا ہدف : اسحاق ڈار

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت اور جی 20 کا حصہ بنانا ہدف ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا، پاک برطانیہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں پاکستان تیزی سے معاشی ترقی کر رہا تھا، تاہم ملک کی معاشی ترقی کا سفر روک دیا گیا، اگر یہ سفر نہ روکا جاتا تو آج پاکستان کا شمار دنیا کی بڑی معیشتوں میں ہوتا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے، معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے اور پاکستانی معیشت میں اب استحکام آچکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد پر آگیا ہے، معاشی استحکام کے بعد اب حکومت کی توجہ اقتصادی ترقی اور شرح نمو بڑھانے پر مرکوز ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے نتیجے میں فی کس آمدنی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، حکومت کا ہدف پاکستان کو دوبارہ 2017 کے معاشی اشاریوں تک لے جانا، ملک کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں 3.5 ارب ڈالر میگا سرمایہ کاری کا منصوبہ منظور

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے اور پوری دنیا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہ رہی ہے۔