لاہور: پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔اتھارٹی کے مطابق30 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
جبکہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور، منڈی بہاالدین، گجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپورتھل میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کی صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کی ہدایات جاری۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
سیف انور جپہ نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔ اس دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ شہریوں سے خراب موسم کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
اسی طرح آندھی اور طوفان کی صورتحال میں شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مزید یہ کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔ عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں:پاکستان کو دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت اور جی 20 کا حصہ بنانا ہدف: اسحاق ڈار
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔









