شادی کے بعد سے سوشل میڈیا سے غائب رہنے والی پاکستانی معروف اداکارہ رمشا خان نے شوبز اور سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے اور شوبز میں واپسی کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ رمشا خان اور اداکار خوشحال خان موجودہ ڈرامہ انڈسٹری کے نمایاں ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔
دونوں نے مسلسل ڈرامہ سیریل دنیا پور اور بریانی میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے دوران ان کے درمیان محبت پروان چڑھی، بعد ازاں دونوں نے اچانک شادی کر کے اپنے مداحوں کو حیران کر دیا۔
رمشا خان نے شوبز اور سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور اب ان کا کہنا ہے کہ آئندہ کیمرے کے سامنے دکھائی نہیں دوں گی۔ رمشا خان کی بہن انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آیا۔
علیشا ایک انفلوئنسر ہیں اور ان کی شادی کی تقریبات عوامی سطح پر منعقد ہوئیں، تاہم ان تقریبات میں رمشا اور خوشحال خان شاذ و نادر دکھائی دیے، سوشل میڈیا پر ان کی صرف ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں انہیں ماسک اور چشمہ پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس صورتِ حال کے بعد جوڑے کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور بعض لوگوں نے قیاس کیا کہ شاید رمشا کو ان کے شوہر نے گھر تک محدود کر دیا ہے۔
اب رمشا خان نے نجی ٹی وی کے میزبان سے خصوصی گفتگو میں اس معاملے پر وضاحت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میرے شوہر یا نئے خاندان کی جانب سے مجھ پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں:جعلی لائسنس الزامات: 50 پائلٹس کے لائسنس منسوخ، 33 کے معطل
رمشا خان کا کہنا ہے کہ میں صرف کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتی اور نہ ہی چاہتی ہوں کہ سوشل میڈیا پر میرے نام سے کسی قسم کا ہیش ٹیگ چلایا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ اپنی ازدواجی زندگی سے بہت خوش ہوں اور ایک نجی شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔









