لاہور(نیوزڈیسک) انکم ٹیکس ، ٹول ٹیکس ، ٹوکن ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز میں بے جا اضافے کے خلاف ٹرانسپورٹرز میدان میں آگئے، ملک گیر ہڑتال کا عندیہ دے دیا۔
ہفتہ کے روز پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے لاری اڈا بادامی باغ سے لاہور پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور دھمکی دی گئی کہ حکومت کی جانب سے 2 اگست تک ٹیکسز میں بے جا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر ہڑتال ہو گی۔
پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور لاری اڈا بادامی باغ کے باہر مین روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
چیئرمین ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یکم اگست کو گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی ۔حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو تاریخی ہڑتال ہو گی ۔
ٹیکسز کی بھرمار، پبلک ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال کا عندیہ دے دیا








