بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران حکومت کے آخری سال میں 80 ارب ڈالر کی اشیاء درآمد کی گئیں، مفتاح

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ جب عمران خان اقتدار میں آئے تو ڈالر 122 روپے اور ملکی قرض 25 ہزار ارب روپے تھااور جب اقتدار سے گئے تو ڈالر 190 روپے او رملکی قرض 44 ہزار ارب روپے ہوگیا تھا۔ بگڑتی معاشی صورتحال کے حوالے سےسابق وزیراعظم عمران خان کی اس ٹویٹ پرکہ 8 مارچ 2022 کو جب تحریک عدم اعتماد آئی تو ڈالر 178 پرتھا، آج ڈالر250روپےتک پہنچ گیا ہے،ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ عمران خان پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے طرف لے گئے، عمران خان کے آخری سال پاکستان نے 80 ارب ڈالر کی اشیاء درآمد کیں، یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی قیمت چکائی لیکن ملک کو بچایا، ہم جانتے ہیں اصل چور کون ہے؟
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اپنے 4 سالوں میں ہر سال عمران خان نے پہلے سے زیادہ تجارتی خسارہ کیا، پی ٹی آئی چیئر مین نے اپنے دوستوں اے ٹی ایمز کو ٹیکس معافی دی،عمران نے آنے والی حکومت کے لیے ایندھن پر سبسڈی دینے کا جال بچھایا، عمران پاکستان کو دیوالیہ ہونے کی طرف لے گیا، ہم نے سیاسی قیمت چکائی لیکن ملک کو بچایا ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اور اس پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم جانتے ہیں اصل چور کون ہیں، توشہ خانہ کی گھڑیوں سے لے کر غیر ملکی فنڈنگ تک ہم جانتے ہیں اصل چور کون ہے، ضبط شدہ 190 ملین یورو واپس دینے سے لے کر فرح خان سے زیورات کا مطالبہ کرنے تک ہم جانتے ہیں اصل چور کون ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کون کرپٹ، جھوٹا اور نااہل ہے،عمران خان اور صرف عمران خان تنہا اس گندگی کا ذمہ دار ہے۔