اسلام آباد اور راولپنڈی(Rawalpindi) میں کہیں ہلکی رم جھم اور کہیں موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔
مزیدپڑھیں:کارساز حادثہ کیس: ملزمہ نتاشا منشیات کیس میں بری
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جنوب مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج شہر قائد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔









