اسلام آباد(نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ حکومت میں جانےکا فیصلہ درست تھا، حکومت نہ لیتے تو ملک چند ہفتوں میں دیوالیہ ہو جاتا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرےگی، آج ملک الیکشن کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہمیں اکتوبر میں الیکشن کرانےکا نہیں کہا گیا، قبل ازوقت انتخابات کرانے کے حوالے سےکسی دباؤ کا مجھے علم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف ملک کا حصہ ہیں اگروہ کسی سے بات کرتے ہیں تو وہ ملک کے لیےکرتے ہیں، میرا نہیں خیال کہ ٹیلی فون پربات ہوئی ہے، اگر امریکی نمائندے سے بات ہوئی ہے توکوئی مضائقہ نہیں، جہاں بھی آپ کا اثر ہوتا ہے آپ اس اثر کو استعمال کرتے ہیں، آرمی چیف، وزیرخزانہ اورگورنر اسٹیٹ بینک حکومت پاکستان کا حصہ ہیں، جب مشکل حالات ہوتے ہیں تو سب اپنا حصہ ڈالتے ہیں اور حالات بہترکرنےکی کوشش کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا مزیدکہنا تھا کہ جومفتاح اسماعیل کرتے ہیں وہ حکومت پاکستان کا فیصلہ ہوتا ہے،مفتاح اسماعیل بہترین کام کر رہے ہیں، مشکل فیصلےکرنے پڑ رہے ہیں۔
حکومت میں جانےکا فیصلہ درست تھا ورنہ ملک چند ہفتوں میں دیوالیہ ہو جاتا، شاہد خاقان








