حکومت نے جون 2027 تک پیٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا عبوری ہدف مقرر کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نظام میں بڑی اصلاحات کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا اور قیمتوں کے فارمولے کو مارکیٹ سے منسلک کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ بڑے جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے بھی قواعد وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ سے صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس میں آئی ایف ای ایم کے نئے طریقہ کار کی بھی منظوری دے دی گئی۔
نئے طریقہ کار کے تحت پاکستان نے پیٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے جون 2027 کا عبوری ہدف مقرر کیا ہے۔
مجوزہ اصلاحات کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نظام کو مارکیٹ کے حالات سے زیادہ مربوط بنانا اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی لانا ہے، جبکہ ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے اثرات سے صارفین کو تحفظ دینے کے لیے قواعد بھی تیار کیے جائیں گے۔









