سانگھڑآئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بوبی آئل فیلڈ میں نئے ترقیاتی کنویں بوبی-11 سے تیل اور قدرتی گیس کی کامیاب دریافت کا اعلان کردیا۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق بوبی-11 کنویں سے یومیہ تقریباً ایک ہزار بیرل تیل کی پیداوار حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ قدرتی گیس کی یومیہ پیداوار تقریباً 1 ایم ایم ایس سی ایف ڈی متوقع ہے۔
کمپنی کے مطابق بوبی آئل فیلڈ او جی ڈی سی ایل کی 100 فیصد ملکیت ہے۔ نئے کنویں کی کامیابی سے علاقے میں تیل اور گیس کے مزید ذخائر کی موجودگی کے امکانات پر اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ بوبی ڈیپ-1 کی سابقہ دریافت سے حاصل ہونے والی زیرِ زمین معلومات نے بوبی-11 کنویں کی کامیاب کھدائی اور دریافت میں اہم معاونت فراہم کی۔
کمپنی کے مطابق بوبی-11 کی کامیابی سے بوبی آئل فیلڈ کی مزید ترقی کے امکانات روشن ہوئے ہیں اور علاقے میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
او جی ڈی سی ایل نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے موجودہ اثاثوں سے اضافی تیل و گیس کی پیداوار حاصل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئی دریافت سے ملک میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے کی حکمتِ عملی کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ توانائی کے مقامی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی نئے امکانات پیدا ہوں گے۔









