سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے باوجود نام کے ساتھ ’انصاری‘ برقرار رکھنے کی وجہ بتادی۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔انٹرویو کے آغاز میں میزبان نے اداکارہ کا تعارف بشریٰ بشیر کے نام سے کروایا، جس پر انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات میں ان کا نام بشریٰ بشیر درج ہے، تاہم وہ بشریٰ انصاری کے نام سے جانی جاتی ہیں۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ انہیں مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے نام سے ’انصاری‘ ہٹا دیں، تاہم ان کے خیال میں ایسا کرنے سے لوگوں میں الجھن پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے نام سے انصاری ہٹا کر لوگوں کو پریشان یا کنفیوژ نہیں کرنا چاہتیں۔ اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صبا حمید کے نام کے ساتھ بھی ماضی میں ایسی صورتحال پیش آچکی ہے اور طویل عرصے تک لوگ انہیں صبا پرویز کے نام سے جانتے رہے۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ان کی دونوں بیٹیاں بھی انصاری ہیں اور ان کے سابق شوہر اقبال انصاری کو بھی ان کے نام کے ساتھ انصاری برقرار رکھنے پر کوئی اعتراض نہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ جب متعلقہ افراد کو اس معاملے پر کوئی مسئلہ نہیں تو دوسروں کو بھی اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی اقبال انصاری سے ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ دونوں کی شادی تقریباً 36 سال تک قائم رہی، جس کے بعد ان میں علیحدگی ہوگئی۔









