ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 600 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونے کا بھاؤ 4 لاکھ 65 ہزار 536 روپے ہوگیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کا بھاؤ بھی کم ہوگیا ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 86 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 99 ہزار 122 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 36 ڈالر کم ہوگیا جس کے بعد سونا 4 ہزار 430 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگیا ہے۔
واضح رہے سونے کی قیمت میں ردوبدل کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی اور جغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔
عالمی سطح پر سرمایہ کار معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب میں اضافہ قیمتوں کو اوپر لے جاتا ہے۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر شرحِ سود میں کمی یا مستقبل میں شرحِ سود کم ہونے کی توقعات بھی سونے کی قیمت پر اثر انداز ہوتی ہیں کیونکہ کم شرحِ سود کے ماحول میں غیر سودی اثاثے کے طور پر سونے کی کشش بڑھ جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ناگزیر، نئے صوبوں پر پیپلزپارٹی سیخ پا ہے، خواجہ آصف
پاکستان میں عالمی قیمت کے ساتھ ساتھ روپے اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔









