یونان میں ایئر شو کے دوران فضائیہ کا ایف 4 فینٹم جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ دارالحکومت ایتھنز کے قریب واقع تاناغرا ایئر بیس پر منعقد ہونے والے ایتھنز فلائنگ ویک کے دوران پیش آیا، جنگی طیارہ فضائی مظاہرے میں حصہ لے رہا تھا کہ اچانک زمین پر آ گرا۔
حادثے کے وقت ایئر شو دیکھنے کے لیے کئی ہزار تماشائی موجود تھے، جبکہ طیارہ مجمعے سے چند سو میٹر کے فاصلے پر گرنے کے باعث وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے فوراً بعد جائے حادثہ سے سیاہ دھویں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیئے۔
آگ پر قابو پانے اورامدادی کارروائیوں کے لیے 2 ہیلی کاپٹر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، امدادی اہلکاروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر کارروائیاں شروع کردیں۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ دو نشستوں والا فینٹم ایف 4 تھا، جس میں فضائیہ کے 2 پائلٹس سوار تھے۔
ابتدائی طورپرحکام کی جانب سے پائلٹس کے بحفاظت ایجیکٹ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق صورتحال واضح نہیں تھی تاہم بعد ازاں دونوں پائلٹس کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آگئی۔
مزید پڑھیں:پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی، آؤٹ سورس ملازمین کی کم ازکم اجرت بڑھانے کا فیصلہ
حادثے کے بعد ایئر شو کو متاثر کرنے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ جنگی طیارے کے زمین پر گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حکام واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔









