بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، نئی کیپٹل پٹرول فورس قائم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اسلام آباد پولیس کو الیکٹرک گاڑیوں کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت طلال چوہدری سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی فراہمی کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں ماحول دوست اور گرین پولیسنگ کو فروغ دینا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات مزید بہتر ہوں گی۔

تقریب میں آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو نئی فورس ’’کیپٹل پٹرول‘‘ کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ’’محفوظ، اسمارٹ اور گرین کیپیٹل‘‘ کے وژن کے تحت قائم کی گئی اس فورس میں مجموعی طور پر 200 اہلکار شامل ہوں گے۔

بریفنگ کے مطابق کیپٹل پٹرول کے ہر یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ موٹر سائیکل سوار اہلکار بھی فورس کا حصہ ہوں گے۔ تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا تاکہ پولیسنگ میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی بہتر بنائی جا سکے۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور گرین پولیسنگ کے فروغ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے جدید پولیسنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔