فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے ستمبر 2026 کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ گھی اور کوکنگ آئل پر سیلز ٹیکس کے درست تعین کی غرض سے کم از کم قیمتیں مقرر کردی ہیں۔
ایف بی آر کے جاری کردہ ایس آر او 1632(1)/2026 کے مطابق سبزیوں اور حیوانی چربی و تیل، گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (PBS) کی جانب سے گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں جاری کیے گئے حساس قیمتوں کے اشاریے کے تحت قومی اوسط خوردہ قیمت کی بنیاد پر مقرر کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیجیٹل انوائسنگ اور پیداواری نگرانی کے نظام کی پابندی کرنے والے رجسٹرڈ افراد کو فی کلوگرام 25 روپے کی رعایت دی جائے گی۔
گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کی تین کیٹیگریز
ایف بی آر نے گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں، جن کے لیے کم از کم قیمت 100 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
کیٹیگری بی میں شامل برانڈز کے لیے کم از کم قیمت قومی اوسط خوردہ قیمت کے 93 فیصد جبکہ کیٹیگری سی میں شامل دیگر تمام برانڈز کے لیے 85 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں: سونے کی قیمت میں کمی، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور شرح سود کا منظرنامہ مرکزِ توجہ
ستمبر 2026 کے لیے کیٹیگری اے کی کم از کم قیمت 588 روپے فی لیٹر یا کلوگرام، کیٹیگری بی کی 547 روپے جبکہ کیٹیگری سی کی 500 روپے فی لیٹر یا کلوگرام مقرر کی گئی ہے۔
اصل قیمت زیادہ ہونے پر اسی کے مطابق سیلز ٹیکس
ایف بی آر کے مطابق مسلح افواج کو گھی اور کوکنگ آئل کی فراہمی متعلقہ معاہدے میں طے شدہ قیمت کے مطابق کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر گھی یا کوکنگ آئل کی اصل فروخت قیمت مقرر کردہ کم از کم قیمت سے زیادہ ہوئی تو سیلز ٹیکس زیادہ قیمت پر عائد کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد گھی اور کوکنگ آئل کی فروخت میں کم قیمت ظاہر کرکے ٹیکس سے بچنے کے امکانات کی روک تھام اور سیلز ٹیکس کے درست تعین کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقرر کردہ قیمتوں کا یہ طریقہ کار نومبر 2026 کی ٹیکس مدت تک نافذ العمل رہے گا۔









