بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشین گیمز: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

جاپان : پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

جاپان کے کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے 30 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ گل فیروزہ نے 31 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور رتو مونی نے 2 ، 2 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ سنجیدہ اختر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے برونز میڈل میچ میں بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔بنگلادیشی کرکٹ ٹیم 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے ام ہانی نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاطمہ ثنا، تسمیہ رباب، نشرا سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئی تھی۔ تاہم بنگلادیش کو شکست دے کر قومی ویمنز ٹیم نے ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں:ترکیہ، اسکول کے باہر فائرنگ، 8 افراد زخمی، 2کی حالت نازک، مشتبہ شخص گرفتار

ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ ایونٹ کے گولڈ میڈل کے لیے آج سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔