اسلام آباد: پاکستان نے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے افغان طالبان حکومت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان نے سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے کے الزام کو بھی مسترد کر دیا۔ پاکستان داعش یا افغانستان میں سرگرم کسی بھی دہشتگرد گروہ کو سہولت فراہم نہیں کر رہا۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کے ملوث ہونے کے الزام کو ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جبکہ ثبوت کے طور پر پیش کی گئی مبینہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد دکھائی دیتے ہیں جو مناسب لباس اور قابل ذکر سازوسامان سے محروم ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق ویڈیو بظاہر افغان طالبان حکومت کی جانب سے پہلے سے تیار کی گئی معلوم ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی عالمی اداروں کی رپورٹس میں دستاویزی طور پر موجود ہے، جبکہ افغانستان سے سرگرم دہشتگرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
وزارت اطلاعات نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف قابل اعتماد اور قابل تصدیق کارروائی کرے اور افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کا وعدہ پورا کرے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت کے پاکستان پر الزامات داخلی اختلافات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
دوسری جانب افغانستان فریڈم فرنٹ نے نورستان اور کنڑ میں طالبان رجیم کی متعدد چوکیوں پر قبضے اور 17 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
افغان انٹرنیشنل کے مطابق تازہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب طالبان نے افغانستان فریڈم فرنٹ کی پوزیشنوں پر قبضے کی کوشش کی۔
افغان فوج کے سابق جنرل سمیع سادات کی قیادت میں افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کی کارروائیوں کے دوران بھی ستمبر سے اب تک 69 سے زائد طالبان اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
افغانستان فریڈم فرنٹ کیا ہے؟
افغانستان فریڈم فرنٹ افغانستان میں طالبان مخالف ایک مسلح گروپ ہے، جو 2022 میں طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد سامنے آیا۔ اس گروپ کا مقصد طالبان کی حکمرانی کے خلاف مزاحمت اور افغانستان میں جمہوری نظام کے قیام کی حمایت کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:لکی مروت میں دہشتگردوں کی فائرنگ، 3 افراد شہید، 3 زخمی، ملزمان فرار
افغانستان فریڈم فرنٹ کو نیشنل ریزسٹنس فرنٹ سے الگ گروپ سمجھا جاتا ہے۔ دونوں طالبان مخالف مسلح تنظیمیں ہیں، لیکن ان کی تنظیمی ساخت اور قیادت الگ ہے۔









