یونانی دارالحکومت ایتھنز میں رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں عمارت منہدم ہوگئی، جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا ایتھنز کے معروف تاریخی اور سیاحتی علاقے پلاکا میں پیش آیا، امدادی ٹیموں نے ملبے سے چھ افراد کی لاشیں نکالیں، جن میں سے 4 امریکی شہری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں یونانی شہریوں کے علاوہ برطانیہ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں ملبہ پھیل گیا جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے سے قبل علاقے میں گیس کی بو آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، ابتدائی تحقیقات میں حکام نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دھماکا گیس کے اخراج کے باعث ہوا تاہم واقعے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ عمارت کے ملبے کی تلاشی لی اور ممکنہ طور پر مزید افراد کے پھنسے ہونے کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شہریوں کی آمدورفت محدود کردی۔
مزید پڑھیں:آئی فون 18 پرو مفت حاصل کرنے کا سنہری موقع، نئی پیشکش متعارف
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ حکام نے شہریوں کو متاثرہ مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ یونانی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات اور عمارت کی تباہی سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ ہلاک افراد کی شناخت اور واقعے کی مکمل تفصیلات بھی جمع کی جارہی ہیں۔









