پاکستان کرکٹ ٹیم(Pakistan Cricket Team) کے کوچنگ اسٹاف میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے بھی پی سی بی کے مذاکرات جاری ہیں، شان ٹیٹ سے بولنگ کنسلٹنٹ جب کہ مارٹن گپٹل سے فیلڈنگ کنسلٹنٹ کی ذمے داریاں سنبھالنے کے لیے بات چیت کی جا رہی ہے۔
شان ٹیٹ 23-2022ء میں ایک سال تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور کچھ عرصہ قبل تک وہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہے۔
مزیدپڑھیں:میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم، توسیع کا فیصلہ نہ ہوسکا
ذرائع نے بتایا کہ شان ٹیٹ کے لیے تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں تھا، انہوں نے خاندانی مصروفیات کے باعث بنگلادیش ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا، اسی لیے اب انہیں کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے ساتھ معاملات طے پانے کے قوی امکانات ہیں۔
ایشلے نوفکے کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے بولنگ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار دے رکھا ہے جب کہ چند ہفتے قبل فیلڈنگ کوچ کے لیے بھی اشتہار جاری کیا گیا تھا۔









