بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سری لنکا کیخلاف T20 سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کرینگے، صاحبزادہ فرحان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کریں گے، ہر میچ میں بہتر کارکردگی دکھانا ہمارا مقصد ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل(9 اکتوبر) کو ہوگا جبکہ دوسرا 11 اور آخری میچ 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔تینوں میچز رات 6 بجے شروع ہوں گے۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی ہے اور ٹیم سری لنکا کے خلاف بھی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہے، ان کا کہنا تھا کہ کپتان کی حیثیت سے میدان میں فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوتا ہے اور وہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ قومی ٹیم کی کپتانی ملنا فخر کی بات ہے تاہم اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے، کوشش ہوگی کہ اپنی ٹیم کو اعتماد دیں اور میدان میں بہترین کھلاڑی اتار کر اچھے نتائج حاصل کریں۔

صاحبزادہ فرحان کے مطابق فخر زمان اور شاداب خان کی ٹیم میں واپسی سے قومی اسکواڈ مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس اچھے فاسٹ بولرز موجود ہیں اور سری لنکا کے خلاف ان سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

انہوں نے رضوان اور بابر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سینئر کھلاڑی ہیں اور ان کی کمی محسوس ہوگی تاہم موجودہ اسکواڈ میں بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو ذمہ داری سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں دباؤ ہر ٹیم پر ہوتا ہے، چاہے وہ بڑی ٹیم ہو یا نسبتاً چھوٹی ٹیم، بس دباؤ کو سر پر سوار نہیں کرنا چاہیے بلکہ مثبت انداز میں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ زمبابوے جیسی ٹیم بھی جب انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتی ہے تو اس پر دباؤ ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی حریف کو آسان نہیں لیا جاسکتا، قومی ٹیم ہر میچ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے گا اور مقصد یہی ہوگا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اچھی کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کی جائے۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سیریز جیتنا اولین ہدف ہے تاہم ہر میچ کو الگ لے کر میدان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔

رواں سال جنوری میں پاکستانی ٹیم نے دورہ سری لنکا میں تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی تھی جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 31 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوچکے ہیں جن میں سے 18 میں پاکستان جبکہ 12 میں سری لنکا فاتح رہا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

مزید پڑھیں:بلاول بھٹو سے پی پی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں، مختلف امور پر بریفنگ

واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ 9 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے، سیریز کے تمام میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹاس ساڑھے پانچ بجے ہوگا۔