اسلام آباد(ممتا زنیوز ) وزیراعظم میاں شہباز شریف ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف آف آرمی اسٹاف ، جنرل قمر جاوید باجوہ ، سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم، صدر مملکت اوروزیراعلیٰ بلوچستان نے آرمی چیف سے کور کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف ، 12 کور کے بریگیڈیئر محمد خالد، پائلٹ میجر سعید احمد ، معاون پائلٹ میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل ِ خانہ کیلئے اظہارہمدردی بھی کیا۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے صدر مملکت نے ملک و قوم کیلئے شہداء کی خدمات کو خراج ِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے اور انہوں نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی ، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں ۔ صدر مملکت نے آرمی چیف سے اپنی گفتگو کے دوران ان کے سابقہ دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور ان کی جانب سے دی گئی بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ اس بریفنگ کے دوران میں نے انہیں انتہائی قابل ، ذہین اور فرض شناس افسر کے طور پر پایا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ درپیش آیا۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ صدر مملکت نے ٹیلی فون پر اپنی گفتگو میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ان شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کریں گے اور خاص طور پر ان کے اہل ِ خانہ اور لواحقین سے بھی اظہار تعزیت کریں گے ۔وزیراعلی ٰبلوچستان کاکہناتھاکہ حادثے میں کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد بریگیڈئیر خالد سمیت عملے کے اراکین کی شہادت افسوسناک ہے،حادثے کی اطلاع ناقابل یقین تھی،ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ملک کا سرمایہ اور قوم کا فخر تھے،جنرل سرفراز علی اور دیگر شہداء نے قومی فریضہ کی ادائیگی میں جانوں کے نزرانے پیش کی،
شہداء کا شمار پاک فوج کے بہترین افسران میں ہوتا تھا،ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان قومی سانحہ ہے جس پر پوری قوم غم زدہ ہے،جنرل سرفراز علی سے بھائیوں اور دوستوں جیسا مثالی تعلق تھا،بحثیت کور کمانڈر کوئیٹہ جنرل سرفراز علی بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے،جنرل سرفراز علی کی خواہش اور کوشش تھی کہ بلوچستان ترقی کرے ،شہید جنرل سرفراز علی نے بلوچستان میں مختلف عہدوں پر کام کیا،شہید جس بھی عہدے پر تعینات رہے انہوں نے بلوچستان کے امن وترقی کے لیۓ کردار ادا کیا،جنرل سرفراز علی اور دیگر شہداء کی شہادت بھی بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے مشن میں ہوئی،بلوچستان کے عوام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،وزیراعلئ کا شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےکہاکہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔









