بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین میں نوبیاہتا میاں بیوی دونوں کا ایک ہی نام، سوشل میڈیا پر وائرل

بیجنگ: ویسے تو ایسا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے کہ شوہر اور بیوی کا نام ایک ہی ہو مگر چین میں ایسا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ جی ہاں واقعی ایک نوبیاہتا جوڑا سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے کیونکہ شوہر اور بیوی دونوں کا نام ایک ہے اور وہ دونوں کام بھی ایک ہی انڈسٹری میں کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ اتفاق چند عملی پیچیدگیوں کا باعث بنتا ہے مگر لوگ اسے قسمت قرار دے رہے ہیں۔ 33 سالہ دلہا اور 28 سالہ دلہن زو شیاؤ کونگ (دونوں کا ہی یہ نام ہے) کی شادی 6 اکتوبر کو صوبہ ژجیانگ میں ہوئی۔ کسی فرد نے ان کی شادی کی تصویر کو آن لائن شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جوڑے کا نام ایک ہے اور اسے ایک جیسے چینی حروف میں لکھا جاتا ہے۔

دلہن نے بتایا کہ ان کے وہ رشتے دار جو شوہر کو نہیں جانتے تھے، انہیں لگا کہ شادی کے انتظامات کرنے والے فرد نے غلطی کی ہے۔ مگر جب انہیں علم ہوا کہ یہ غلطی نہیں بلکہ اتفاق ہے، تو ان رشتے داروں کا کہنا تھا کہ اس جوڑے کا ملنا قسمت میں لکھا تھا۔

اس جوڑے کا نہ صرف نام ایک ہے اور وہ دونوں اسی صوبے ژجیانگ سے تعلق رکھتے ہیں، بلکہ وہ دونوں سول ایوی ایشن انڈسٹری میں کام کرتے ہیں۔ دلہن فلائٹ اٹینڈنٹ ہے جبکہ دلہا ایوی ایشن سیفٹی آفیسر ہے۔

یہ دونوں 2016 میں ایک جاب فیئر میں شریک ہوئے تھے اور جب انٹرویو کرنے والے فرد نے زو شیاؤ کونگ کا نام پکارا تو دونوں ہی کھڑے ہوگئے۔ اس وقت تو دونوں نے اسے معمولی اتفاق سمجھا، مگر بعد ازاں دلہا کے ساتھ کام کرنے والا ایک فرد جو دلہن کے ساتھ پڑھتا رہا تھا، نے ناموں کی مماثلت کو دیکھا اور دونوں کو ایک دوسرے سے متعارف کرایا۔

2019 سے وہ دونوں ایک دوسرے سے مل رہے تھے اور دونوں کو ہی ایک جیسے ناموں کی وجہ سے دلچسپ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ مئی میں شادی کی رجسٹریشن اور جائیداد کی ملکیت کے سرٹیفکیٹ کی درخواست پر کمپیوٹر کے لیے ان کی تفصیلات کا تجزیہ کرنا مشکل ہوگیا، جس پر عملے کو ہاتھ سے وہ کام کرنا پڑا۔