بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  عمران خان سے اعجازالحق کی ملاقات ،باہمی سیاسی تعاون بڑھانے پراتفاق 

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں ان کی رہائشگاہ پر پاکستان مسلم لیگ(ض)کے سربراہ اعجازالحق نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوںکے درمیان باہمی سیاسی تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ قومی معیشت روزبروز تباہی کی طرف جارہی ہے، موجودہ حکمرانوں کامقصد صرف این آراو حاصل کرناتھا، انہوں نے ملکی مفاد اور معیشت کی بہتری کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، صرف فوری اورشفاف الیکشن ہی ملک کو بچانے کاواحد راستہ ہیں۔
عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی کیساتھ میرے اچھے تعلقات تھے، وہ انتہائی قابل فوجی افسر، ایماندار اورنیک انسان تھے۔ انہوں نے حادثے کے تمام شہداکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبرجمیل کیلئے دعاکی۔ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور سیاسی تعاون پر اتفاق کیا۔
اعجازالحق نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے تمام سیاسی راستے بند ہوگئے ہیں تو اب کبھی الیکشن کمیشن اورکبھی عدلیہ کے ذریعے کوئی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے کیونکہ الیکشن کمیشن کافیصلہ ویساہی ہے جیسے کئی دہائیاں پہلے نیپ پر پابندی لگائی گئی تھی۔
اعجازالحق نے کہاکہ اب دنیا بدل چکی ہے،نہ تو نیپ پر پابندی کارآمد ثابت ہوئی تھی اور نہ ہی اب ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال ملک کو معاشی طورپر مزید تباہی کی طرف لے جارہی ہے، ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا واحد حل جلد ازجلد انتخابات ہیں۔