بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

2027 ،ہالی وڈ اداکار ’ال پاچینو‘ کیلئے لائف اچیومنٹ ایوارڈ کا اعلان

ہالی وڈ کے معروف اداکار ’ال پاچینو ‘کو اداکاری کے شعبے میں نمایاں خدمات اور فلاحی سرگرمیوں کے اعتراف میں ایس اے جی۔ایفٹرا کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ 2027 سے نوازا جائے گا۔

اداکاروں کی یونین ایس اے جی۔ایفٹرا نے اس اعزاز کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایوارڈ تقریب 28 فروری 2027 کو لاس اینجلس کے شرائن آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔

یہ ایوارڈ ہر سال ایسے اداکار کو دیا جاتا ہے جو اداکاری کے پیشے کے اعلیٰ ترین اصولوں کی نمائندگی کرتا ہو۔ یونین نے ال پاچینو کی فلم، ٹیلی ویژن اور تھیٹر کے شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی اداکاری نے کئی نسلوں کے فنکاروں کو متاثر کیا اور تفریحی صنعت پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔

ایس اے جی۔ایفٹرا کے صدر شان آسٹن نے بھی ال پاچینو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جرات، فنکارانہ شدت اور غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین اپنے اعلیٰ ترین اعزاز کے ذریعے اس عظیم فنکار کی خدمات کا اعتراف کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔

ال پاچینو نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران کئی یادگار فلموں میں اداکاری کی، جن میں ’دی گاڈ فادر‘، ’سرپیکو‘، ’ڈاگ ڈے آفٹرنون‘ اور ’اسکارفیس‘ شامل ہیں۔ انہیں فلم ’سینٹ آف اے وومن‘ میں بہترین اداکار کی کارکردگی پر آسکر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

ان کے اعزازات میں دو ٹونی ایوارڈز، دو پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز اور دو ایکٹر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں اے ایف آئی لائف اچیومنٹ ایوارڈ، گولڈن گلوبز کا سیسل بی ڈی میل ایوارڈ، کینیڈی سینٹر آنر اور وینس فلم فیسٹیول کا گولڈن لائن برائے لائف ٹائم اچیومنٹ بھی دیا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں:ایلون مسک کی فلائنگ کار پاکستان میں آگئی تو؟ سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار

ایوارڈ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ال پاچینو نے کہا کہ اداکاری سے ان کا تعلق زندگی بھر قائم رہا ہے۔ ان کے مطابق فلموں کے اسکرپٹس اور ساتھی اداکاروں نے ہمیشہ انہیں اپنائیت کا احساس دلایا، جبکہ فن سے وابستگی اور اس دوران قائم ہونے والے تعلقات ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشیوں میں شامل ہیں۔