راولپنڈی(ممتاز نیوز )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق میجر طلحہ منان شہید، میجر سعید اور نائیک مدثر فیاض شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔ میجر طلحہ شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، کمانڈر راولپنڈی کور، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے شہید کے والد کو قومی پرچم پیش کیا، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ نارووال میں ادا کی گئی۔جنازے میں جنرل آفیسر کمانڈنگ سیالکوٹ گیریژن، ڈی پی او اور ڈی سی نارووال سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ قومی پرچم چڑھایا گیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
شہید میجر سعید کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں کمانڈر لاجسٹکس پنوں عاقل گیریژن، حاضر سروس افسران، سپاہیوں، شہید کے لواحقین اور سول سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید کے والد کو قومی پرچم پیش کیا گیا۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔









